خبرنامہ

نوازشریف نے نیب ریفرنسز پر فرد جرم کا حکم نامہ چیلنج کردیا

نوازشریف نے نیب ریفرنسز پر فرد جرم کا حکم نامہ چیلنج کردیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے نیب ریفرنسز پر احتساب عدالت کا فرد جرم کا حکم نامہ چیلنج کر دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ اسٹیل مل اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں نوازشریف پر فرد جرم عائد کرچکی ہے جو ان کی غیر موجودگی میں ان کے مقرر کردہ نمائندے ظافر خان کے سامنے عائد کی گئی۔

میاں نوازشریف نے اپنے وکلا خواجہ حارث اور عائشہ حامد کے توسط سے اپنے نمائندے ظافرخان کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائر کی ہیں جس میں احتساب عدالت کے 19 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ احتساب عدالت کو تینوں ریفرنسز یکجا کر کے ایک فرد جرم کا حکم دیا جائے اور درخواست گزار کے خلاف احتساب عدالت میں ایک الزام پر ایک ہی ٹرائل کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کا 19 اکتوبر کاحکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین الگ الگ ریفرنس دائر کیے ہیں جب کہ نوازشریف تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں پہلے ہی درخواست دائر کرچکے ہیں۔