خبرنامہ

نواز شریف ، مریم ، صفدر کو آج دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائیگا

نواز شریف ، مریم ، صفدر کو آج دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائیگا
لاہور(ملت آن لائن) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو آج سہ پہر دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے 11 ستمبر کی رات گئے تینوں ملزموں کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد صوبائی کابینہ نے پیرول کی مدت میں آج دوپہر تک توسیع کر دی تھی۔ سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر 5 دن کیلئے رہا کرنے کی درخواست دی تھی۔

ادھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں العزیزیہ ملز ریفرنس کی سماعت آج ہو گی، گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ا سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا پر جرح جاری ہے۔ سابق وزیر اعظم کو آج احتساب عدالت میں پیش بھی کیا جائے گا۔