نواز شریف ہمارے قائد تھے اور رہیں گے، نو منتخب لیگی صدر شہباز شریف
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) نومنتخب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پارٹی صدر منتخب کرنے پر پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لمحہ میری زندگی کا اہم اور مشکل مرحلہ ہے کیونکہ حالات کے تقاضوں کے تحت مجھے ایک عظیم شخصیت کی جگہ فرائض سرانجام دینے کیلئے کہا جا رہا ہے، مجھے گذشتہ 30 برسوں کے دوران ہمیشہ نواز شریف کی سرپرستی اور رہنمائی حاصل رہی، اس حقیقت کا مجھے برملا اعتراف ہے، مجھ سمیت پارٹی کا کوئی بھی کارکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور نہیں کر سکتا، وہ ہمیشہ سے ہمارے قائد ہیں اور رہیں گے، نیازی اور زرداری کا گٹھ جوڑ مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہے۔ منگل کو جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی صدر منتخب ہونے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ عمل نہایت اعزاز کا باعث ہے کہ گذشتہ ہفتہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے قائم مقام صدر منتخب کرنے کے بعد جنرل کونسل نے مسلم لیگ (ن) کا باقاعدہ صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ لمحہ میری زندگی کا اہم اور مشکل مرحلہ ہے۔ حالات کے تقاضوں کے تحت مجھے ایک عظیم شخصیت کی جگہ فرائض سرانجام دینے کا کہا جا رہا ہے۔ گذشتہ 30 سالوں کے دوران میں نے ہمیشہ ان سے سرپرستی اور راہنمائی حاصل کی۔ مجھے اس حقیقت کا برملہ اعتراف ہے، مجھ سمیت کوئی بھی پارٹی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ وہ کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہمارے قائد ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ صرف مسلم لیگ (ن) ہی نہیں پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں نواز شریف جیسا قائد نصیب ہوا ہے۔ انہیں قائداعظم کا جانشین قرار دیا جا رہا ہے۔ ایٹمی دھماکوں سے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے انہوں نے 5 ارب ڈالر کی امریکی امداد مسترد کی۔ انہوں نے ملک کے کسانوں کیلئے سڑکیں اور موٹرویز کے منصوبے بنائے۔ نواز شریف کے یہ کارنامے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں اور ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے حوالے سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پر بہت بڑا دھوکہ اور فراڈ ہوا ہے۔ انہوں نے کے پی کے کے عوام کی طرف سے عمران خان کے حوالے سے یہ شعر پڑھا:
رخ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا
جسے ہم چاند سمجھتے تھے وہ جگنو بھی نہیں نکلا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر کے سفر میں غیرمسلم ساتھیوں نے بھی گرانقدر کردار ادا کیا، توقع ہے کہ غیر مسلم اقلیتیں اپنا یہ کردار ادا جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے اس سے بڑھ کر اعزاز کیا ہو سکتا ہے کہ نواز شریف نے اپنی جگہ مجھے بٹھا دیا ہے، ملک کے عوام نے ہمیشہ نواز شریف پر اپنی محبتیں نچھاور کی ہیں، یہ ایک بڑا چیلنج ہے جس سے عہدہ برآں ہونا کوئی آسان بات نہیں، اﷲ کے فضل و کرم کے ساتھ ساتھ مجھے قائد کی سرپرستی اور تمام ساتھیوں کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 برس تک مجھے اپنی جماعت اور ملک و قوم کی خدمت کا موقع ملا ہے، انشاء اﷲ ملک و قوم کی خدمت میں آئندہ بھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھوں گا۔ انہوں نے جنرل کونسل کا صدر منتخب کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن پارٹی کا قابل فخر سرمایہ ہیں، میں ان کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے ہم دل گرفتہ ہیں، مجھے یقین ہے کہ نواز شریف کو انصاف ضرور ملے گا، مسلم لیگ (ن) قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کی امین جماعت ہے، ہم سب قائداعظم کی جماعت کا وارث ہونے کے ناطے سے وعدہ کریں کہ معاشرے کے طبقات میں ہر قسم کا تفرقہ اور امیر و غریب کا فرق ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل کی اصل شکل صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کی شکل میں سامنے آنی چاہئے، نیازی اور زرداری کا گٹھ جوڑ مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہے۔