لاہور: قومی احتساب بیورو نے صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو حراست میں لے لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے آج طلب کیا تھا، اور وہ بیان ریکارڈ کرانے نیب لاہور کے دفتر پہنچے جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی باضابطہ گرفتاری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس 11 فروری کو سپریم کورٹ میں صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔
علاوہ ازیں وہ آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں بھی نیب میں پیش ہوچکے ہیں، نیب نے احد چیمہ کو 21 فروری کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی اراضی میں خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے وہ اب تک نیب کی تحویل میں ہیں۔