خبرنامہ

وزیراعظم( آج) کراچی حیدرآباد موٹرویز کے ایم 9 سیکشن کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد (ملت +آئی این پی ) وزیراعظم محمد نواز شریف (آج )جمعہ کو کراچی۔حیدرآباد موٹرویز کے مکمل کئے گئے (ایم۔9) سیکشن کا افتتاح کریں گے ، ایم۔9 کا 75 کلومیٹر سیکشن مکمل ہو چکا ہے جس میں چار انٹرچینجز شامل ہیں جن میں دادا بھائی انٹرچینج انڈسٹریل ویلی انٹرچینج، نوری آباد انٹرچینج اور تھانو بولا خان انٹرچینج شامل ہیں۔ یہ انٹرچینجز کیرتھر نیشنل پارک، جھمپیر‘ کینجھرجھیل اور تھانو احمد خان کو ملائیں گے۔ علاوہ ازیں موٹرویز کے اس سیکشن پر پانچ پل اور نوری آباد اور دمبہ گوٹھ میں 2 ٹراما سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ 136 کلومیٹر طویل کراچی۔حیدرآباد موٹروے پر کام کا آغاز 17 ستمبر 2015ء کو ہوا تھا جو توقع ہے کہ 17 مارچ 2018ء تک مکمل ہو جائے گا جس پر 36 ارب روپے لاگت آئے گی۔ موٹروے کے 120 کلومیٹر فاصلے پر تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے جس میں مختلف انٹرچینجز، پانچ پل، 197 کلومیٹر سروس روڈ اور شجرکاری بھی شامل ہے۔ اس وقت موجودہ حکومت مختلف سڑکوں کے انفراسٹرکچر پر 1200 ارب روپے خرچ کر رہی ہے جس سے ملک کا معاشی منظر تبدیل ہو جائے گا۔ زیر تعمیر موٹرویز پراجیکٹ میں تھاکوٹ، حویلیاں، لاہور، عبدالحکیم (ایم۔تھری)، سکھر۔ملتان موٹروے (ایم۔5)، گوجرہ۔شورکوٹ اور شورکوٹ۔خانیوال شامل ہیں۔ ان پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد موٹروے کی مجموعی لمبائی 2 ہزار کلومیٹر ہو جائے گی۔ وزیراعظم کی ہدایات کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی قومی اہمیت کے ان منصوبوں پر سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے سٹرٹیجک محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے چائنہ۔پاکستان اکنامک کوریڈور جیسے بعض انقلابی منصوبوں کا آغاز کیا جو خنجراب سے گوادر تک موٹرویز کے طویل نیٹ ورک اور ایکسپریس وے پر مشتمل ہے۔