وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی اپنی ملاقات میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجنے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مزید وفود پاکستان بھیجنے کے حوالے سے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام مرتب کرنے پر بھی شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ساتھ ہی وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔