خبرنامہ

وزیراعظم محمد نوازشریف کو باکو سٹیٹ یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

باکو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف کو باکو سٹیٹ یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے ریکٹر اکیڈمک ابیل محرمدوف نے جمعہ کے روز یہاں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کرنے پر باکو یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات تاریخی، ثقافتی اور سماجی رشتوں پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کا طرز زندگی ایک جیسا ہے، ان کی قسمت بھی مشترکہ اہداف اور مقاصد کے ذریعے تشکیل پاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن کے ذریعے ترقی اور خوشحالی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کی فعال قیادت میں آذربائیجان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مزید پھلے پھولیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم کو یونیورسٹی کے امور کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستانی قومی لباس میں ملبوس طالب علموں نے اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا