خبرنامہ

وزیراعظم نوازشریف پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاناما پیپرز کی تحقیقات سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوگئے،وزیراعظم نواز بغیر کسی پروٹوکول کے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے، لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے جوڈیشل اکیڈمی کے باہر ان کا استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی جےآئی ٹی کے سامنے پیشی سے قبل وزیراعظم ہاؤس کے سیکورٹی اسٹاف نے عمارت اور انوسٹی گیشن روم کی سیکیورٹی کلیئرنس دی تھی۔فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کا کنٹرول رینجرز نے سنبھالا ہوا ہے، وزیر اعظم کی آمد سے قبل آئی جی اسلام آباد خالد خٹک نے بھی جوڈیشل اکیڈمی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا تھا۔پیشی کے موقع پر وزیر اعظم کے اسکواڈ کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی عمارت تک محدود رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے پرسنل اسٹاف کو بھی انوسٹی گیشن روم تک جانے کی اجازت نہیں ہے اور وہ انوسٹی گیشن روم میں بغیر پروٹوکول کے اکیلے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم جے آئی ٹی میں متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات اپنے ساتھ لے کر آئیں ہیں اور وہ پیشی کے موقع پر مطمئن اور پرسکون نظر آرہےتھے۔جوڈیشل اکیڈمی آمد سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ، وزیر داخلہ، وزیر دفاع، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم کے مشیرنے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے آئی ٹی میں پیشی سے متعلق مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے سیکورٹی انتظامات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے آئی ٹی کے ممکنہ سوالات اور دستیاب دستاویزات ومواد سےمتعلقہ امور پر غور کیا گیا۔پیشی سے قبل وزیراعظم کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پاناما میں نام نہ ہونے کے باوجود جے آئی ٹی کے بلانے پر پیش ہوئےہیں،جبکہ قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کو جے آئی ٹی سے متعلق فی الوقت کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے بھی بات کریں گے جس کے لیے جوڈیشل اکیڈمی کے باہر بلٹ پروف ڈائس لگایا گیا تھا تاہم بعد میں اس کی جگہ لکڑی کا ڈائس لگادیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلٹ پروف ڈائس بڑا تھا اس لئےہٹایا گیا۔وزیر اعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے لیے شفا اسپتال کے قریب الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف آج تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گےجبکہ جوڈیشل اکیڈمی کے سامنے واقع پارک بھی بند کر دیا گیاہے۔