خبرنامہ

وزیراعظم نے امیر مقام کو مسلم لیگ(ن)خیبر پختونخوا کا صدر اور مرتضی جاوید عباسی کو جنرل سیکرٹری مقرر کردیا

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد انجینئر امیر مقام کو پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبر پختونخوا کا صدر اور مرتضی جاوید عباسی کو جنرل سیکرٹری مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے نئے مقرر کردہ عہدیدار ان مسلم لیگ (ن)کو خیبر پختونخوا میں مزید فعال اور مضبوط کرنے کی غرض سے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔صدرِ پاکستان مسلم لیگ (ن)وزیراعظم محمدنواز شریف کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کے سینئرلیگی رہنماں کا وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماں سے مشاورت کے بعد انجینئر امیر مقام کو پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبر پختونخوا کا صدر اور مرتضی جاوید عباسی کو جنرل سیکرٹری مقرر کردیا ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور لیگی رہنماؤں نے اِس موقع پر سابق صدر مسلم لیگ(ن)خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ اور سابق جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کی پارٹی کے لیے خدمات ، نظریاتی وابستگی اور کاوشوں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ نئے مقرر کردہ عہدیدار ان مسلم لیگ (ن)کو خیبر پختونخوا میں مزید فعال اور مضبوط کرنے کی غرض سے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے اور عہد یداران مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمیشہ سے مسلم لیگ(ن)کا گڑھ رہا ہے اور انشااللہ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔اِ س موقع پر نئے صدر امیر مقام اور جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی نے وزیراعظم اور تمام لیگی رہنماں کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ انتخابات میں خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت بنانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے اور خیبر پختونخواکے عوام کی محرومیوں اور شکائتوں کا ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نخیبر پختونخوا کے عوام کومایوس نہیں کرے گی اور اس سلسلے میں جلد ہی تمام اضلاع میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔ آخر میں مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا کے سابق جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کی والدہ مرحومہ جو حال ہی میں وفات پا گئی تھیں ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔اجلاس میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق ، اقبال ظفر جھگڑا ، خواجہ سعد رفیق ، انجینئر امیر مقام ، مرتضی جاوید عباسی ، سردار مہتاب احمد خان عباسی ، ڈاکٹر آصف کرمانی ، سرانجام خان ، سینیٹر نزہت صادق ، سینیٹر بیگم نجمہ حمید ، سینیٹر پرویز رشید ،محترمہ مریم نواز شریف ، کیپٹن (ر )محمد صفدر ، پیر صابر شاہ ، جعفر اقبال ، بیگم عشرت اشرف ، صدیق الفاروق ، رحمت سلام خٹک ، میاں راشد علی شاہ اور شیر زمان ٹکرنے شرکت کی ۔