اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ پاکستان باہمی اعتماد، احترام اور خود مختاری کی بنیاد پر بنگلا دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بنگلا دیشی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان باہمی اعتماد، احترام اور خود مختاری کی بنیاد پر بنگلا دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے بنگلا دیش میں کورونا کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا اوروائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے بنگلہ دیشی قیادت کے اقدامات کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے درپیش متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اپنے اپنے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی جانب سے زندگیاں اور روزگار بچانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کے لئے ‘’قرض سے متعلق امداد پر عالمی اقدام’’ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بنگلا دیش میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے جانی اور مالی نقصانات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
دو طرفہ علاقائی تناظر اور برادرانہ تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کے تبادلے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے پائیدار امن اور خوشحالی کے لئے علاقائی تعاون کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کے کردار پر مشاورت کی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستانی نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بنگلا دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔