اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں بجلی کے بحران پر وزارت پانی وبجلی کی وضاحت پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جس قدر ممکن ہو لوڈ شیڈنگ میں کمی کرکے ریلیف دیا جائے،بروقت منصوبہ بندی نہ کرنے والے اہلکاروں پر ذمہ داری عائد کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیش نہ آئے ، موجودہ کمی کو پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور عوام کو بجلی فراہم کریں۔منگل کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بجلی کی کمی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں بجلی کی پید اوار میں کمی کے عوامل کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کی طرف سے کوتاہی برتنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیاکہ انہوں نے موسم کی شدت اور ڈیموں میں پانی کی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے قبل از وقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی ۔ وزیراعظم نے فوری ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جس قدر ممکن ہو لوڈ شیڈنگ میں کمی کرکے ریلیف دیا جائے ۔ وزارت پانی وبجلی کی طرف سے واضح کیا گیا کہ گرمی کی شدت میں غیر متوقع اضافہ ہوجانے سے بجلی کی طلب ایک دم بڑھ گئی جو 2500میگا واٹ سے بھی زیادہ ہے جبکہ ڈیموں میں پانی کی مطلوبہ مقدار دستیاب نہیں ۔ امید ہے کہ گرمی بڑھنے سے پانی کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا تو ڈیمز سے بجلی کی پیداوار بہتر ہوجائے گی ۔ وزیراعظم نے وزارت پانی وبجلی کی وضاحت پربرہمی کا اظہار کیااور ہدایت دی کہ بروقت منصوبہ بندی نہ کرنے والے اہلکاروں پر ذمہ داری عائد کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیش نہ آئے ۔ موجودہ کمی کو پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور عوام کو بجلی فراہم کریں ۔اجلاس میں وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف ،وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ،سیکرٹری پانی وبجلی سمیت دیگر حکا م نے بھی شرکت کی اور وزیراعظم کو توانائی منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔