خبرنامہ

جھوٹی خبر اخبار کو دینے والا قوم کے سامنے آنا چاہئے: چودھری نثار

اسلام آباد (ملت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ جھوٹی خبر اخبار کو دینے والا قوم کے سامنے آنا چاہئے، اس جھوٹی خبر سے پاکستان میں سنجیدہ نوعیت کی سول ملٹری تقسیم ڈالی گئی۔ آج تک کسی میٹنگ میں سول ملٹری میں تلخی تو دور کی بات اس کے نزدیک بھی کبھی ماحول پیدا نہیں ہوا۔ آرمی چیف کے ساتھ میٹنگ ہمیشہ کی طرح بہت اچھی تھی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ جب یہ متنازع خبر سامنے آئی تو وزیر اعظم کی طرف سے ابتدائی انکوائری کا فیصلہ ہوا، مجھے وزیر قانون کی سربراہی میں قانونی ٹیم، وزارت داخلہ اور دیگر کی حمایت حاصل تھی جس دن سانحہ کوئٹہ ہوا اس سے ایک دن پہلے میں اپنی تجاویز کر چکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ کے دن کوئٹہ میں میٹنگ ہوئی، آرمی چیف نے وزیر اعظم سے کہا کہ خبر کی انکوائری کہاں پہنچی، میں نے بتایا کہ انکوائری تیار ہے، میں نے انکوائری اور تجاویز اگلے دن وزیر اعظم کو بتائیں، جہاں میں نے وزیر اعظم کوبریفنگ دی اس میں اسحق ڈار اور شہباز شریف بھی موجود تھے۔ چودھری نثار نے کہا کہ آرمی چیف نے وزیر اعظم سے کہا کہ اگر مناسب سمجھیں تو انکوائری و اناؤسمنٹ سے پہلے ہم سے چیئر کر لیں، اگر تردید کرنی ہے تو آرمی ہاؤس یا آئی ایس پی آر کرے۔ عسکری ذرائع کو میں نہیں مانتا، پرویز رشید کیلئے ریکارڈ پر معلومات یہ ہیں کہ صحافی آرمی چیف اور وزیر اعظم سے متعلق خبر پر بات کرنا چاہتا تھا۔ پرویز رشید نے اسے دفتر بلا لیا۔ پرویز رشید سے کہا ہے کہ اپنا مؤقف کمیٹی کے سامنے پیش کر دیں، میڈیا میں ایشو نہ بنائیں اور وہ مان گئے۔