خبرنامہ

وزیر اعظم کا ٹھٹھہ ، سجاول اور بدین کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

ٹھٹھہ (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ٹھٹھہ ، سجاول اور بدین کیلئے 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال، گیس کی فراہمی ‘ صحت کارڈ ز کے اجراء اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے دیہات کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائیں گے۔ شاہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے ‘ اللہ نے وزیر اعظم بنایا ہے تو مسائل کو حل کر کے دم لیں گے ‘ سندھ کی تعمیر نو کریں گے ‘ آپ کے زخموں پر مرہم رکھیں گے ‘ سندھ کے دیہاتوں ‘ قصبوں کو نیا ولولہ دیں گے ‘ سندھ کی محرومیوں کو دور کرنے کا عزم کیا ہے جو کوئی اور نہیں کرے گا ہم ہی کریں گے ‘ یہ مسائل صوبائی حکومت کو حل کرنے چاہئیں مگر اب آپ کے مسائل وفاقی حکومت حل کرے گی‘ میں جو کہتا ہوں کر کے دکھاتا ہوں، ایسا بندہ نہیں ہوں کہ بات ایک کان سے سنوں اور دوسرے سے نکال دوں ‘ خدا کو راضی کرنے کیلئے اس کی مخلوق کو راضی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ جمعرات کو یہاں مکلی میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ بڑی خوشی ہو رہی ہے ٹھٹھہ آکر جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے ڈبل خوشی مجھے ہو رہی ہے ‘ خوش ہیں ہوا بھی چل رہی ہے ‘ جھنڈے بھی لہرا رہے ہیں اور آج مجھے اس شیرازی بھائیوں نے بلایا ہے۔ میں نے کہا کہ آؤں گا ضرور آج اپ کی خدمت میں حاضر ہوں۔ آپ کو محبت کو میں بھی محبت کے جذبے سے جواب دہ رہا ہوں۔ محبت کے رشتے میں آج بندھے جا چکے ہیں ‘ میں یہ دوستی نبھاؤں گا ‘ جہاں خوشی کا جذبہ ہو میں کیوں نہ آپ سے محبت کروں کیوں نہ پیار کروں ۔ انہوں نے کہا کہ آج میرے بھائیوں شیرازی برادران نے جو باتیں کی ہیں وہ یقیناً صوبائی معاملات ہیں لیکن آج وفاقی حکومت ان تمام مسائل کو حل کرے گی۔ یہ سارا معاملہ صوبوں کو حل کرنا چاہیے کیونکہ یہ مسائل نہیں ہوتے اس لئے میں حاضر ہوا ہوں۔ یہ مسائل اگر آپ کے مسائل ہیں تو پھر میرے بھی مسائل ہیں۔ اگر اللہ نے مجھے وزیر اعظم بنایا ہے تو ان مسائل کو حل کر کے دم لوں گا۔ سندھ کی تعمیر نو کریں گے۔ آپ کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ سندھ کے دیہاتوں کو قصبوں کو نیا ولولہ دیں گے۔ آپ کو بجلی ‘ پانی ‘ سڑکیں ‘ موٹر ویز دیں گے۔ سندھ کی محرومیوں کو دور کرنے کا عزم کیا ہے کوئی اور نہیں کرے گا ہم کریں گے۔ سندھ کے دیہاتوں کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائیں گے۔ کام مشکل ہے لیکن اگر آپ میرے ساتھ ہیں تو میں آپ کے ساتھ ہوں مل کر تعمیر کریں گے۔ کراچی کو بھی خوبصورت بنائیں گے ۔ نواز شریف نے کہا کہ میں یہاں آیا ہوں تو کچھ لے کر آیا ہوں۔ ہیلتھ کارڈ پنجاب ‘ بلوچستان ‘ آزاد کشمیر ‘ فاٹا ‘ گلگت میں شروع کیا جا چکا ہے۔ سندھ اور خیبر پختونخوا دونوں حکومت نے کہا کہ یہ کام ہم خود کریں گے۔ ہم نے کہاکہ یہ غریب لوگوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہیلتھ کارڈ سے ہسپتال میں فری علاج کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں ایسے غریب لوگ موجود ہیں جو اپنا علاج کرانے کی طاقت نہیں رکھتے۔ ان کی جمع پونجی ختم ہو جاتی ہے مگر علاج نہیں کرا سکتے گھر بیچنا پڑتا ہے اور قرضہ لینا پڑتے ہیں ۔ آنکھوں میں آنسو جاری ہو جاتے ہیں اس لئے ہم نے ہیلتھ کارڈ شروع کئے ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنا حصہ ڈالتی ہے یا نہیں ہم ٹھٹھہ کو صحت کارڈ جاری کریں گے اور میں خود آؤں گا کارڈ جاری کرنے کیلئے ۔ سجاو اور ٹنڈو محمد خان بھی شامل ہیں۔ جب یہاں آ گئے ہیں تو سب برابر ہیں۔ یہ بڑا نیک کام ہے خدا کو راضی کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ خدا راضی ہو تو مخلوق خود راضی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹھٹھہ کے لئے 500 بستر پر مشتمل ہسپتال قائم کریں گے۔ اتنے بستروں والے ہسپتال تو لاہور ‘ کراچی کو نہیں ملتے جو ٹھٹھہ کو مل رہا ہے۔ وزیر اعظم نے مقامی شاعر کا علاج سرکاری خرچ پر کرانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ آپ کے مسائل کوحل کرنے کیلئے یہاں آیا ہوں۔ بجلی کے بل ضرور ادا کیا کریں آج کل پورے ملک میں بجلی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ حکومت سنبھالی تو بجلی کا برا حال تھا جلی کے وزیر اور سیکرٹری کو یہاں بھجواؤں گا وہ یہاں بیٹھ کر مسئلہ حل کریں گے جتنے گاؤں شیرازی صاحب کہیں گے وہاں بجلی دیں گے۔ میں جو کہتا ہوں کر کے دکھاتا ہوں۔ ایسا بندہ نہی ہوں کہ ادھر سے سنوں اور ادھر سے نکال دوں میں احکامات جاری کر کے آ رہا ہوں۔ ضلع سجاول اور ٹھٹھہ میں گیس کی فراہمی کیلئے حکم جاری کر دیا ہے ۔ اس پر 110 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 110 کروڑ ٹھٹھہ کے عوام پر قربان ہے۔ یہ ہمارا فرض ہے اور آپ کا حق ہے یہ کوئی احسان نہیں ہے یہ ایک وزیر اعظم کا فرض ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے۔ ٹھٹھہ ‘سجاول اور بدین میں زمینی کٹاؤ روکنے کیلئے بند تعمیر کیا جائے گا اس سے پورے علاقے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھارو کیٹی بندر روڈ کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ کا اعلان کرتا ہوں۔ ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں 50 کلو میٹر دیہاتی سڑکوں کیلئے بھی رقم دی جا رہی ہے اس کیلئے فیصلہ مل کر کر یں گے ۔ نواز شریف نے کہا کہ گلیوں کو پختہ کرنے اور پینے کے صاف پانی کیلئے دونوں اضلاع کیلئے 20,20 کروڑ کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ موٹر وے بن رہا ہے کراچی سے حیدر آباد تک 6 رویہ موٹر وے تقریباً تیار ہو چکا ہے پھر یہ سکھر اور پھر سکھر سے ملتان جائے گا اور پھر ملتان سے پشاور جائے گا۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ یہاں یونیورسٹی بھی آئے گی لیکن پہلے بنیادی ضرورتیں پوری ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد صحت کارڈ لے کر میں خود آؤں گا اور یہاں تقسیم کروں گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب کے آخر میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ ۔۔۔(رانا)