خبرنامہ

وزیر اعظم کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین ملک بن چکا ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ صدر ڈاکٹر مرتضٰی مغل کا کہنا ہے کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ملک ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں دہشتگردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا رہا جس کے باعث بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری سے گھبراتے تھے تاہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین ملک بن چکا ہے اور وہ یہاں سرمایہ کاری کر کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ سب اس لئے ہواہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سرمایہ کاروں کی مشکلات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر مرتضٰی مغل نے کہا کہ اگر پاکستان میں سی پیک جیسا بڑا گیم چینجر منصوبہ آسکتا ہے تو دنیا بھر کے سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کے لئے آسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں سونے کی چڑیا بن کر سامنے آرہا ہے۔