وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی تاحیات نااہل ہوگئے
لاہور:(ملت آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے پی ٹی آئی رہ نما کی درخواست پر سماعت کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لارجر بینچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ نے آج خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق متفقہ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
سیالکوٹ کے عوام کو گاڈ فادر سے نجات دلائی، عثمان ڈار
35 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم ہوگئی۔ عدالت عالیہ نے فیصلے کی مصدقہ کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا حکم بھی دیا، جس کے بعد خواجہ آصف کو قومی اسمبلی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
خواجہ آصف کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ خواجہ آصف 2013 کے عام انتخابات میں این اے 110 سیالکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
خواجہ آصف نااہلی کیس
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ کی بنیاد پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق خواجہ آصف بیرون ملک ملازمت کرتے رہے اور انہوں نے اقامہ رکھا۔ دوسری جانب خواجہ آصف کے وکیل نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دلائل دیئے تھے کہ ان کے موکل کی جانب سے آمدن اور اثاثوں کی تفصیل نہیں چھپائی گئی۔ انہوں نے انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکٹریکل کمپنی کا ایک خط بھی پیش کیا جس کے مطابق خواجہ آصف کمپنی کے کل وقتی ملازم نہیں بلکہ لیگل ایڈوائزر ہیں اور کمپنی کا نمائندہ ان حقائق کی تصدیق کے لیے پاکستان جا کر عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہے۔ عدالت عالیہ نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 10 اپریل کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔