خبرنامہ

وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کی اصولی منظوری دے دی

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کی اصولی منظوری دے دی۔ جمعرات کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر شہری کا ہے اور ہر شہری کو کسی امتیاز کے بغیر ترقی اور خوشحالی کے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے فاٹا کے عوام کی حب الوطنی اور قومی جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تاریخ پاکستان سے محبت کی مثالوں سے بھری ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا قومی وسائل پر اسی طرح برابر کا حق ہے جس طرح باقی صوبوں میں بسنے والے عوام کا۔ انہوں نے فاٹا کے عوام کو ان کے جائز حق کے مطابق قومی وسائل میں ان کا حصہ دینے کی حمایت کی۔ انہوں نے ملکی یکجہتی کے لئے قومی جذبے کو فروغ دینے اور ملک کے تمام حصوں میں بسنے والے عوام کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ترقی میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر زیادہ توجہ دیں اور ان علاقوں کے عوام کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کے مواقع فراہم کریں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری سیفران ارباب شہزاد نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔