خبرنامہ

وکیل قتل کیس:سپریم کورٹ کا عمران خان کوگرفتار نہ کرنےکا حکم

سپریم کورٹ نے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس دائر کرنے والےکوئٹہ کے وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نامزدگی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس یحیٰی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عمران خان کی درخواست کی سماعت کی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ کا حصہ ہیں۔عمران خان عدالت میں پیش ہوئے اورنشست پرکھڑے ہو کرحاضری لگوائی۔وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس کے مدعی کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث دلائل نہ دیے جاسکے۔ جسٹس یحیٰی آفریدی نے عمران خان سےکہا کہ ہم اگلی سماعت تک آپ کو ریلیف دے رہے ہیں۔زیڈووکیٹ جنرل بلوچستان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہیں وہ تفتیشی افسرکے سامنے پیش ہوں۔ جسٹس یحیٰی آفریدی نے سوال کیا کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی آپ کو تفتیش کے لیے درکار ہیں؟ جسٹس مظاہر نقوی کا کہنا تھا کہ کس بنیاد پر آپ چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں؟ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نےکہا کہ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔جسٹس یحیٰی آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان سے کہا کہ اگلی سماعت تک آپ ہدایات لیں کہ درخواست گزار کیوں تفتیش کے لیے درکار ہیں، دلائل شکایت کنندہ کے سامنے دیجیےگا، درخواست گزار کی پٹیشن کےمطابق ان کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، عدالت اگلی سماعت تک درخواست گزار کو کوئی حکم نہیں کر رہی۔عدالت نے عمران خان کو ریلیف دے دیا اور انہیں وکیل قتل کیس میں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنےکا حکم دے دیا۔عدالت نے وکیل قتل کیس میں عمران خان کی درخواست کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔