خبرنامہ

پارلیمنٹ کے لیے لعنت کا لفظ استعمال کر کے میں نے بہت ہلکا لفظ استعمال کیا، خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے اسمبلی تباہ کی، عمران خان

پارلیمنٹ کے لیے لعنت کا لفظ استعمال کر کے میں نے بہت ہلکا لفظ استعمال کیا،
خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے اسمبلی تباہ کی، عمران خان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے ہی اسمبلی تباہ کی ہے۔ اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘آج وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بڑی دھواں دھار تقریر کی، دراصل خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے ہی اسمبلی تباہ کی ہے’۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے، جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور ان کے بینک اکاونٹس سے امریکا پیسے جارہے ہیں جو ان کی بیوی کو ملتے ہیں’۔
ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ ‘خواجہ آصف سے بڑا کوئی جھوٹا انسان ہوسکتاہے؟’
عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا، ‘مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے جو ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کے لیے قانون بناکر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے’۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ آج ‘مجھے کیوں نکالا’ کی دوسری قسط پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، ساتھ ہی انہوں نے شریف برادران پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں سے منی لانڈرنگ کروانے کا الزام بھی عائد کردیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ ‘ملک سے باہر شریف خاندان کی 16 کمپنیاں ہیں، جن میں سے ایک ہل میٹل ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ہل میٹل 114کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی، نواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کردیئے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید بتایا کہ ‘ہمیں نئی چیز پتہ چلی ہے کہ ہل میٹل کمپنی سے تقریباً 4 کروڑ روپے محمد حینف خان کو جا رہے تھے’۔ عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، ‘دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اگر کوئی اس طرح سے پکڑا جائے تو وہ جیل میں ہو، لیکن یہ یہاں ‘کیوں نکالا، کیوں نکالا’ کر رہے ہیں’۔ گذشتہ روز مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیرقیادت متحدہ اپوزیشن کے جلسے میں شرکاء کی کم تعداد کے سوال پر عمران خان نے جواب دیا کہ ‘کل کے جلسے کا تعداد سے کوئی تعلق نہیں تھا، کل ساری سیاسی جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا’۔ واضح رہے کہ عمران خان نے آج شام پریس کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس میں ‘دھماکا خیز اعلان’ کریں گے۔ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب میں پارلیمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے۔
ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے، عمران خان
عمران خان کے بیان پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی جس پر چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر رد عمل کا اظہار کیا۔ عمران خان نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ مخصوص پس منظر میں لعنت بھی ایک چھوٹا لفظ ہے، اگر کوئی اعتراض کرتا ہے تواسے چیلنج کرتا ہوں عوامی سروے کرا لے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے سروے کروا لیں کہ لوگ ایسی پارلیمنٹ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔