اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پاناما لیکس پرعدالت میں مزید ثبوت جمع کرانے اور پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ثبوتوں سے موٹو گینگ کا منہ بند کردوں گا، پاناما کیس کی سماعت کیلیے بننے والے بینچ سے مطمئن ہوں، شریف فیملی کا دفاع کرنے والے وزرا کہتے ہیں کہ ہم نے ثبوت پیش نہیں کیے، آج کی پریس کانفرنس میں ثبوت کے ساتھ اصل کہانی بتاؤں گا۔ پانامالیکس کا مقدمہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریگا، پانامالیکس کوکسی نے نہیں جھٹلایا،ہم ثابت کرینگے کہ قطری شہزادے کا خط اورگلف سٹیل دونوں فراڈ تھے، عدالت روزانہ سماعت کرے تو معاملہ دو ہفتوں میں نمٹ سکتا ہے۔ انتخابات2017ء میں ہوتے نظرآرہے ہیں، جمہوری احتساب کی باتیں کرنے والے بتائیں کیا احتساب غیرجمہوری بھی ہوتا ہے اور سیاسی لانگ مارچ کیا ہے؟۔ کرپشن کا الزام وزیراعظم پر ہے اورجواب وزیر دے رہے ہیں، وزیروں کا کام وزیراعظم کی کرپشن چھپانا نہیں ، نواز شریف کوخود جواب دینا چاہیے۔ پاناما کیس میں جو نام آئے ہیں ایف بی آر نے ان تمام افراد کو نوٹس بھیجے ہیں لیکن وزیراعظم اور ان کے بچوں کو نہیں بھیجے۔ آئی سی آئی جے کی رپورٹ کو حکومت خود درست جانتی ہے تب ہی لوگوں کو نوٹس بھیجے گئے۔ انھوںنے کہا کہ یہ مقدمہ صرف میرے لیے نہیں ہر پاکستانی کیلیے بہت اہم ہے ،نوازشریف اس کیس میں باعزت بری نہیں ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے بینچ سے مطمئن ہوں، بینچ میں ایسے لوگ ہیں جوکیس کو بہتر سمھجتے ہیں، امید ہے مقدمہ کاجلد فیصلہ ہوجائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن ہر پاکستانی کو متاثرکرتی ہے، نیب چھوٹے لوگوں کو پکڑتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں تحریک انصاف ہی اپوزیشن ہے، سندھ میں پارٹی کو منظم کرنے جاؤں گا، چوہدری نثار نے درست کہا کہ نیب کا چیئرمین سپریم کورٹ کے نیچے ہونا چاہیے اورپلی بارگین نہیں ہونی چاہیے، پلی بارگین کیخلاف بل بھی پیش کردینگے لیکن حکمران نہیں مانیں گے۔