پاناما کیس مریم نواز بھی طلب
اسلام آباد((ملت آن لائن))پامانا لیکس کی مشترکہ تحقیقات ٹیم کا جوڈیشل اکیڈمی میں اجلاس عید کے تیسرے دن اجلاس ہوا جس سربراہی ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا نے کی،جس میں ایف بی آر لاہور کی جانب سے شریف خاندان کی جائیداد اور ٹیکس وصولی سمیت تمام کاروباری اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات جے آئی ٹی کو فراہم کی گئیں جبکہ حبیب بنک انتظامیہ نے بھی حدیبیہ پیپرز ملز کا ریکارڈ پیش کیا ۔اجلاس میں حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز سے سوالات کو حتمی شکل دی گئی ہے ،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع کو دوبارہ دو جولائی،حسن نواز کو تین،،حسین نواز کو چار جبکہ مریم نواز کو پانچ جولائی کو طلب کررکھا ہے،اس سے قبل طارق شفیع ایک مرتبہ،،حسن نواز دو،،حسین نواز پانچ مرتبہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پہلی مرتبہ طلب کیا گیا ہے،مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو بھی طلب کرنے کیلئے باہمی مشورہ کیا ہے ۔ادھر جے آئی ٹی کو اہم ریکارڈ دینے کیلئے بدھ کو چھٹی کے روز بھی ایف بی آر کے دفاتر کھلے رہے ،اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے چیئرمین ایف بی آر کی اہم ملاقات بھی سوالیہ نشان بن گئی جبکہ وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے ملاقات معمول کا حصہ تھی اور دیگر ریونیو کے حصول پر بات چیت کی گئی ہے ۔قبل ازیں پانامہ کیس کی تحقیقات کرنیوالی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ‘ دونوں بیٹوں حسین نواز‘ حسن نواز اور وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کو جولائی کے پہلے ہفتے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے باضابطہ سمن جاری کئے ۔ طارق شفیع نے پہلی دو پیشیوں کے بعد اپنے وکلاء کے ذریعے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی تھی جس میں انہوں نے جے آئی ٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ جے آئی ٹی نے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی اور سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا بیان حلفی واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔ دوسری جانب جے آئی ٹی کی جانب سے مریم نواز کوپیشی کے نوٹس پر حکومتی سطح پرصلاح مشورے جاری ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز کی پیشی سے قبل کیپٹن صفدر سے ایک میٹنگ کی جائیگی کیونکہ گمان کیا جارہا ہے کہ کیپٹن صفدر کی پیشی کے بعد مریم نواز کی پیشی کے نوٹس پر کہیں بیانات کا تضاد تونہیں پایا جارہا ۔مریم نواز نے بھائی حسین نواز سے بات چیت کی ہے اور جے آئی ٹی میں پوچھے جانیوالے ممکنہ سوالات پر تبادلہ خیال کیا۔یاد رہے کہ مریم نواز ان دنوں اپنے بیٹے جنید صفدر کی گر یجویشن کی تقریب میں شرکت کیلئے اپنی والدہ ‘ کیپٹن صفدر اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں اور ان کی وطن واپسی کی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ عید سے ایک روز قبل کیپٹن (ر) صفدر بھی سعودی عرب سے وطن واپس آکر جے آئی ٹی کے سا منے پیش ہوئے تھے اور بعد ازاں اسی روز وہ لندن چلے گئے تھے۔
جے آئی ٹی نے مریم نواز کو پیشی پرلندن فلیٹس، بیرون ملک دیگر کاروبار کی تفصیلات اور دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی کو10جولائی کو پاناما پیپرز سے متعلق سپریم کورٹ میں حتمی رپورٹ پیش کرنی ہے۔