پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے، چیئرمین نیب
اسلام آباد(ملت آن لائن) چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا ہےکہ پاناما کیس فیصلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے۔
پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے جس کے لیے کئی بار شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو طلب کیا گیا لیکن شریف خاندان اور اسحاق ڈار نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔
چیرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اسلام آباد میں نیب کے نئے ہیڈ کوارٹر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔
چیرمین نیب کا پاناما کیس سے متعلق کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں نیب کی نئی کثیر المنزلہ عمارت جدید سہولیات سے آراستہ ہے، پی سی ون کے مطابق بلڈنگ کا تخمینہ 50 کروڑ روپے لگایا گیا تھا تاہم اس پر ایک ارب 70 کروڑ روپے خرچ آیا۔
نئی بلڈنگ میں ملزمان کے لیے حوالات بنائی گئی ہے اور اہم کیسز میں ملوث ملزمان کے لیے انویسٹی گیشن سیل بھی قائم ہیں جب کہ نئی بلڈنگ میں پولیس اسٹیشن بھی قائم ہے۔
واضح رہے کہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار نے پاناما کیس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور اپیلوں پر فیصلے تک نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا ہے۔