پاناما کیس پر 5 رکنی بینچ تشکیل دیے جانے کی شریف خاندان کی درخواست منظور
اسلام آباد(ملت آن لائن)سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی نظرثانی اپیل پانچ رکنی بینچ کے سنے جانے کی شریف خاندان کی درخواست منظور کرلی۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ پاناما کیس نظر ثانی اپیل پر سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔
سلمان اکرم راجہ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 28 جولائی کو فیصلہ 5 رکنی لارجر بنچ نے دیا تھا اس لیے نظر ثانی اپیل بھی 5 رکنی بینچ میں لگائی جائے اور اس کے لیے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔
جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کی نظر ثانی اپیل کی سماعت کی۔
نواز شریف کی جانب سے خواجہ حارث اور ان کے بچوں کی جانب سے سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
نوازشریف کے بچوں کی نظر ثانی اپیل پر سماعت 5 رکنی بینچ سے کرانے کی درخواست
سماعت کے دوران سلمان اکرم راجا نے مؤقف اختیار کیا کہ نظرثانی درخواست میں فیصلے کے خلاف بنیادی سوالات اٹھائے ہیں جس میں مرکزی نکتہ ہے کہ جو اس بینچ کے ممبر ہی نہیں تھے انہوں نے بھی فیصلہ سنایا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تین رکنی بینچ کا فیصلہ 5 رکنی بینچ میں ضم ہوگیا تھا اور کیا 5 رکنی بینچ دوبارہ اکٹھا ہوسکتا تھا۔
نواز شریف کے بچوں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ 5 رکین بینچ نظرثانی اپیل کی سماعت کرے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی نظرثانی اپیل میں سارے گراؤنڈ تین رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف ہیں اور پاناما کیس میں اکثریتی فیصلہ تین رکنی بینچ کا تھا۔
جسٹس عظمت سعید نے سلمان اکرم راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے موکلان کو متاثر نہیں کرنا چاہتے۔
سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے مؤقف اختیار کیا کہ 28 جولائی کے حکم نامے پر 5 ججز کے دستخط ہیں اس لئے تکنیکی اعتراضات سے بچنے کے لئے تین رکنی بینچ کے سامنے نظرثانی درخواست دائر کی۔
جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ تین رکنی بینچ بھی فیصلہ دیتا تو نتائج وہی ہوتے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ عدالت کا آخری فیصلہ 5 رکنی بینچ کا تھا اور نظرثانی کی اپیل کے لئے بھی 5 رکنی بینچ تشکیل دینے کی استدعا ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد شریف خاندان کی پاناما کیس پر نظرثانی کی پانچ رکنی بینچ کی جانب سے سماعت کرنے درخواست منظور کرلی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو نواز شریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔