خبرنامہ

یوم یکجہتی کشمیر آج (اتوار ) کوسرکاری سطح پرمنا یا جائے گا

اسلام آباد ۔ 04 فروری (ملت+ اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میںیوم یکجہتی کشمیر آج (اتوار ) کوسرکاری سطح پرمنا یا جائے گا۔ اس روز ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، صبح 10بجے کشمیریوں سے اظہار ہمدردی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی، پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں منائی جائیں گی جہاں کشمیر کمیٹی ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف آزاد کشمیر کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں کشمیریوں کی حمایت میں بڑے بڑے بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے ہیں۔جن میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں کوسلامتی کونسلکی قرار دادوں کے مطابق حق خودارادیت دلائے۔ کشمیر کی آزادی تقسیم کشمیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیری اور پاکستان ایک ہیں،کشمیر کونسل کی جانب سے بھی اس دن کی مناسبت سے اہم تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری کے نام یاداشتیں پیش کی جائیں گی۔ جن میں اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے حق خود ارادیت کی قراردادوں کی یاد دلائی جائے گی۔