خبرنامہ

پاکستان میں حافظ سعید پر کوی کیس نہیں ، وزیر اعظم خا قان عباسی

اقتصادی رابطہ

اسلام آباد (ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے غریب اور مستحق افراد کو غربت سے مستقل چھٹکارا دلانے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے گریجویشن پلان کے لئے بہترین بین الاقومی طریقوں اور ماضی کے تجربات کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والوں کے لئے گریجویشن پلان کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ چئیرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن، سیکرٹری بی آئی ایس پی عمر حمید خان اور دیگر سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وزیراعظم کو گریجویشن کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو ان کی گھریلو آمدن میں اضافے، ہنر مند بنانے کی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے ساتھ ساتھ دیر پا بہبود کو فروغ دے کر انہیں غربت کے چنگل سے مستقل طور پر نکالنے کے لئے وضع کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم کو بتایا گیاکہ بی آئی ایس پی کے مستفید کنندگان کو خود روزگار کے ذریعے آمدنی کمانے کے قابل بنانے کے حوالے سے بہترین بین الاقوامی عوامل اور قابل عمل حل کی پیروی کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے پیروی کئے جانے والے مختلف ماڈلز کی تفصیلی بریفنگ دی جن میں خود روزگار کے لئے بزنس انکوبیشن اور اثاثہ جات کی منتقلی ، کاروباری تربیت کے ساتھ کاروبار کے آغاز کے لئے براہ راست نقد رقوم کی فراہمی اور آمدنی پیدا کرنے اور ماحولیاتی غربت دور کرنے کے لئے پبلک ورک پروگرامز شامل ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو پروگرام کے مختلف مراحل کے دوران اس سے مستفید ہونے والے کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت اور پروگرام کی رسائی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے بی آئی ایس پی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تمام عوامل کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک جامع منصوبہ پیش کیا جائے جو دیر پا اور مثبت اثرات کا حامل ہو۔ انہوں نے کہاکہ گریجویشن پروگرام کے مقامی حل وضع کرتے ہوئے بہترین بین الاقوامی اقدامات اور ماضی کے تجربات کو بروئے کار لایاجانا چاہیے۔