خبرنامہ

پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعلق خدشات دور ہو رہے ہیں: جنرل جوزف

پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعلق خدشات دور ہو رہے ہیں: جنرل جوزف

واشنگٹن:(ملت آن لائن) کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ساتھ امریکا کو تعاون کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف ویٹل نے ایوان نمائندگان میں دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ با اعتماد تعلقات ہمارا مقصد ہے۔ خطے میں پاکستان اور امریکی افواج کا تعاون ضروری ہے، اس سے امن کی راہیں کھلیں گی۔ جنرل جوزف نے بتایا کہ انتہا پسندوں کے معاملے میں پاکستان کے مثبت اشارے مل رہے ہیں اور وہ درست سمت میں جارہا ہے، اس لیے پاکستان کے ساتھ پیشہ ورانہ تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی حکومت سےروزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں اور پاکستانی حکام سے براہ راست ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ جنرل جوزف نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستان سے اچھے اور مضبوط تعلقات قائم رکھنا ہے، امید ہے پاکستان سے تعلقات بہت جلد معمول پر آجائیں گے۔ داعش کو شکست دینے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔