خبرنامہ

پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں سے فرانس کے سرمایہ کارفائدہ اٹھا سکتے ہیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے فرانس کے سرمایہ کارفائدہ اٹھا سکتے ہیں‘دہشت گردی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ‘اب صورت حال تبدیل ہو چکی ہے‘حکومت اور سیکورٹی فورسز کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے انتہائی مختصر مدت میں دہشت گردی پر مکمل قابو پایا‘پاکستان کا اقتصادی مستقبل شاند ار ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستا ن کا رخ کر رہے ہیں ۔وہ منگل کو ایوان صدر میں پاکستان فرانس بزنس کونسل کے چیئرمین تھائرے فلم لین کی سربراہی میں فرانسیسی وفدسے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر فرانس کے سفیر ، اعلی حکام اور فرانس کی16 بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا لیکن اب صورت حال تبدیل ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے انتہائی مختصر مدت میں دہشت گردی پر مکمل قابو پالیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی مستقبل شاند ار ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستا ن کا رخ کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ محفوظ سرمایہ کاری کے لیے موثر قوانین بنائے گئے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے خطے میں ترقی کے عظیم مواقع پیدا کر دیے ہیں۔ اس سے پورے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور لوگوں کو روز گار کے مواقع ملیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی افادیت کو دیکھتے ہوئے کئی ممالک نے اس منصوبے میں شامل ہونے کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے۔صدر مملکت نے کہا فرانسیسی بزنس کونسل کے وفدسے دونوں ممالک کو بہت فائدہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انرجی، زراعت، ڈیری انڈسٹری اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بے شمار مواقع ہیں۔انھوں نے کہا کہ فرانسیسی سرمایہ کار آبی توانائی کے سلسلے میں ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اوراس شعبے میں پاکستان فرانسیسی ماہرین، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ اس موقع پر پاکستان فرانس بزنس کونسل کے چیئرمین تھائرے فلم لین نے صدر مملکت کو بتایا کہ فرنچ کمپنیاں اور ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت خطے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہ سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے اعتبار سے بہترین ملک ہے۔انھوں نے سرمایہ کاری کے سلسلے میں پاکستان کی لبرل اور لچکدار پالیسیوں کی تعریف کی۔