خبرنامہ

پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے، وزیراعظم

پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے، وزیراعظم

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وہ دن گئے جب پاکستان عسکری اور دیگر ضروریات کے لئے امریکا پر انحصار کرتا تھا۔

‘عرب نیوز’ کو انٹرویو کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ چاہے جتنی مہنگی پڑے، ہر حال میں یہ جنگ لڑیں گے اور اگر ایک ذریعہ ختم ہوجائے تو دوسرے ذرائع کی جانب بڑھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پر پابندی سے پورے خطے کا استحکام متاثر ہوتا ہے اور ہمارے خلاف کوئی بھی پابندی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو کمزور کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چینی اور یورپی ہتھیار بھی اسلحہ خانے میں شامل کئے جب کہ حال ہی میں پہلی بار روسی جنگی ہیلی کاپٹر بیڑے میں شامل کئے گئے ہیں اور اب پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکی نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ میٹنگ طے شدہ نہیں تھی۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہی 2018 میں اگست کے آغاز میں ہوں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وفاق کے زیرانتظام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائیں گے اور فاٹا کے عوام کے معیار زندگی کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کے لئے پرعزم ہیں۔