کراچی:(اے پی پی) پاک بحریہ کے جنگی بیڑے میں بغیرپائلٹ اڑنے والے اسکین ایگل ایریل اورآٹو پائلٹ کے حامل اے ٹی آر ائیرکرافٹ کو شامل کرلیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس مہران کراچی میں پروقارتقریب ہوئی، تقریب میں مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تھے۔ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے بیڑے میں تیسرا اسٹیٹ آف دی آرٹ اے ٹی آرائیرکرافٹ اور بغیر پائلٹ اڑنے والا اسکین ایگل ایریل سسٹم شامل کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ روا یتی خطرات سے نبرد آزما ہونےاور بڑھتے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، جدید طیاروں کی شمولیت پاکستان نیوی ایوی ایشن وژن 2030 کا ایک حصہ ہے، جدید ہوائی اثاثوں کے بعدپیشہ ورانہ استعداد اور رسائی میں اضافہ ہوگا۔