اسلام آباد (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع کے ہر محاذ پر سینہ سپر ہے۔ اس کی موجودگی میں ملک کی سا لمیت پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔وہ مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے سلسلے میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کررہے تھے ۔ اس وقت پاک فوج کے اعلی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔صدر مملکت نے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کو یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پریڈ افواجِ پاکستان کے مثالی نظم و ضبط اور اس کی بہترین دفاعی صلاحیتوں کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کو فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور وہ وطن عزیز کے تحفظ ، سا لمیت اور عزت و وقار کی علامت ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ 23 مارچ کی پریڈ میں آپ کی پرجوش کارکردگی نے قوم کے جذبوں کو جلابخشی ہے۔ آپ کے اٹھتے ہوئے ہرقدم نے پاکستان کے دشمنوں کے دلوں پر دھاک بٹھائی ہے اور قوم کے اس اعتماد کی تجدید بھی کی ہے کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہو کر دفاعِ وطن کے لیے ہرآن سینہ سپر ہیں۔انھوں نے کہا کہ پریڈ میں چین اور سعودی عرب کے دستوں کے علاوہ ترک بینڈ کی شرکت نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کیا ہے ،جو ہمارے ان دوستوں کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کامظہر ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار صدر مملکت نے کہا کہ پریڈ نے قوم میں وہی جذبہ بیدار کیا ہے جس کا مظاہرہ ہمارے بزرگوں نے تحریکِ پاکستان کے دوران کیا تھا۔ آپ کی پریڈ نے پاکستان کے وقار اور تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور آپ کے اعلی عسکری معیار ، فخرو وقار کی علامت میڈلوں اور جدید ہتھیاروں نے دشمن کی آنکھیں خیرہ کر دی ہیں، میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ پاکستان کی عظمت اور سربلندی کے لیے اپنے جذبے اسی طرح جواں رکھیئے۔انھوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں جس طرح ملک و قوم کی خدمت کی، و ہ بے مثال ہے۔ قوم کی یہ خواہش ہے کہ آپ کے جذبے یوں ہی جواں رہیں اور ہمارا یہ قابلِ فخر ادارہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جدید خطوط پر استوار ہو کر مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جائے تاکہ دشمن وطن عزیز پر بری نگاہ ڈالنے کی جر ات تک نہ کر سکے۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان افواجِ پاکستان کو جدید آلاتِ حرب سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی کیونکہ دہشت گردی، اندرونی و بیرونی سازشوں اور خطے کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ہماری دفاعی قوت اور تیار ی ہی ہمیں مشکلات اور خطرات سے محفوظ بنا سکتی ہے۔ انھوں نے افواجِ پاکستان کے ان دلیر افسروں اور سپاہیوں کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے افسروں اور جوانوں نے اپنی جان کی پرواکیے بغیر دہشت گردوں کے نیٹ ورک تباہ و برباد کر دیے۔ آپریشن ردالفساد بھی ہمارے اسی قومی عزم کا مظہر ہے کہ ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ڈٹے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستانی فوج کو ایمان ، تنظیم اور اتحاد کا نعرہ دیا تھا۔فوج اس نعرے کو مشعل راہ بناتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرتی رہے۔اس کے نتیجے میں ایک طاقتور ، مضبوط اور جمہوری پاکستان اپنے تمام مسائل پر قابو پا کر ناقابل تسخیر ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر پریڈ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں جوانوں پریڈ میں معاونت کرنے والے سول انتظامیہ کے مختلف محکموں کے اداروں اور ثقافتی فلوٹ بنانے والے فنکاروں کو بھی اعزازات دیے۔چین اور سعودی عرب کے افسروں کو بھی اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ چین کی شیلڈ چین کے سفیر نے وصول کی۔ اس موقع ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس میجر جنرل محمد جعفر نے بھی خطاب کیا۔