راولپنڈی/سیالکوٹ(ملت + آئی این پی)بھارت کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پرجارحیت مہنگی پڑگئی ،پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی جہنم واصل ہوگئے جبکہ انکی 4چوکیاں بھی تباہ کردی گئیں،ادھر ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے۔بدھ کو عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے گزشتہ روز سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جاری بلاجواز فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ، بھمبر سیکٹر سمیت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کے مختلف مقامات پر پاک فوج کے جوانوں کی موثر جوابی کاروائی کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کی 4پوسٹیں بھی تباہ ہو گئیں۔ ادھر ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ورکنگ باؤنڈری کے چپراڑسیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے ۔پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک اور شہری سکندر کو سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے بجو ات ،چارواہ سیکٹر پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں80سالہ غلام رسول ولد فیضان علی ساکن کرلوپ، 65غلام رسول ولد فضل دین ساکن کرلوپ،63سالہ عبدالعزیز ولد اللہ رکھا ساکن پنوال، 11سالہ علیزہ ولد سیف اللہ ساکن کرلوپ،58سالہ محمد رزاق ولد اللہ رکھا ساکن معراج زخمی ہوا ہے جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔