خبرنامہ

پی سی بی جسے بہتر سمجھے کپتان بنا دے،مصباح الحق

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کپتانی سے متعلق پی سی بی کو بہت سے عقل مندلوگ مشورے دے رہے ہیں، کرکٹ بورڈ جس کو بہتر سمجھے کپتان بنا دے۔
اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کپتانی کےلیے میں کسی کا نام نہیں لوں گا، کل سب واپس آنے کا کہہ رہے تھے، آج پوچھتے ہیں میں رٹائرمنٹ کب لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ شکست پر طعنے دئیے جائیں گے تو پھر کوئی کپتان کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔
ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کپتانی کے لیے کسی کا نام نہیں لوں گا، اگر میں کارکردگی نہیں دکھا سکا تو میرے مشورے کا فائدہ نہیں۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ٹیم پر پریشر کچھ کم ہوگا تو کارکردگی میں بہتری آئے گی، ملک سے باہر ہر ٹیم کو محنت کرنا پڑتی ہے، بھارت اپنے ہی ملک میں جیت کر نمبر ون بناہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ قوم کی سوچ میں مستقل مزاجی ہو تو ٹیم میں بھی آجائے گی، مسائل کے حل تک ہر کپتان پریشان رہے گا۔