اسلام آباد(ملت آن لائن)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا ہےکہ ہم پاناما کیس کو جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔ہم مقدمات کو جلد نمٹانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر بعض اوقات صورتحال کی وجہ سے تاخیر ہو جاتی ہے۔
سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت میں متعدد مقدمات زیر التوا ہیں اس لیے ہم مقدمات کو جلد نمٹانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر بعض اوقات صورتحال کی وجہ سے تاخیر ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ معمول کے مقدمات نہیں، بعض اوقات حالات ہمارے لیے بھی مشکلات پیدا کردیتے ہیں لیکن بطور ایک ادارہ سپریم کورٹ کے لیے اچھا ہے کہ مقدمات کو جلد نمٹایا جائے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت کررہا ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہےکہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور پارٹی رہنما جہانگیر ترین نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے اس لیے انہیں انکم ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا جائے۔
دوسری جانب اسی نوعیت کا یکساں مقدمہ الیکشن کمیشن میں بھی زیر سماعت ہے۔
واضح رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کے لیے 17 جولائی کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔