خبرنامہ

’چیف جسٹس ملتان میٹرو میں مجھ پر کرپشن کے الزام کی تحقیقات کیلئے فل کورٹ بنائیں‘

’چیف جسٹس ملتان

’چیف جسٹس ملتان میٹرو میں مجھ پر کرپشن کے الزام کی تحقیقات کیلئے فل کورٹ بنائیں‘

لاہور:(ملت آن لائن)ڈی جی خان: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے چیف جسٹس پاکستان ملتان میٹرو میں مجھ پر کرپشن سے متعلق عمران خان کے الزامات پر فل کورٹ بنائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

ڈی جی خان میں جلسے سے خطاب کے دوران شہباشریف نے عمران خان اور آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے ملتان میٹرو میں پھر کرپشن کا الزام لگایا، وہ دن رات جھوٹ بولتے ہیں، ان کا بلین ٹری منصوبہ جھوٹا ثابت ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو پر ہر چیز دیکھ لیں اگر ایک دھیلے کی کرپشن نکل آئے تو ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دوں گا اور اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوگئے جیسے ماضی ہوئے تو قوم ان کی سزا تجویز کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا عمران خان نے چیف جسٹس نے ملتان میٹرو کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا لیکن میں خود چیف جسٹس کو خود لکھوں گا، ملتان میٹرو کے حوالے سے مجھ پر لگائے گئے الزامات پر چیف جسٹس فل کورٹ بنائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ جانتا ہوں عمران خان نے بھاگ جانا ہے، آپ بھگوڑے ہیں، جھوٹ بولتے ہیں اور پیچھے ہٹ جاتے ہیں، عمران خان نیب سے کہیں اگر ملتان میٹرو میں کوئی کرپشن ہوئی تو قوم کے سامنے لائے، اگر وہ سچ ثابت ہوجائے تو قوم سے معافی مانگوں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کان پکڑیں اور کسی درگاہ پر بیٹھ جائیں، اللہ اللہ کریں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں، زرداری اور نیازی نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے، نیازی کہتے ہیں کہ زرداری جو کرنا ہے کرتے رہو تمہارا نام نہیں لوں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زرداری اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہمیں بتاتا ہے یہ کیا چاہتے ہیں، انہوں نے روشنیوں کے شہر کراچی کو کچرا شہر بنادیا، کے پی میں پشاور کو اکھاڑ پھینکا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ سیاستدان، عدلیہ، فوج اور پارلیمان کو کہتا ہوں خدارا مل کر بیٹھیں، سیاسی مخالفین سے اپیل کرتا ہوں ہوش کےناخن لو، الزام تراشی اور جھوٹ کے قصے بتاکر کسے بے وقوف بناتے ہو، قوم کو جھوٹ بولنے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں منصوبے مکمل کیے، آج بجلی آرہی ہے، سی پیک بن رہا ہے، یہ عوام کا قرض تھا دن رات ایک کرکے اسے اتارا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے کہا تھا کہ بجلی بناکر پورے پاکستان میں دیں گے، پوچھتا ہوں کہاں ہے وہ بجلی؟ کیا وہ بجلی مریخ پر ہے؟ اگر ہم کوشش نہ کرتے تو آج ملک میں ہر طرف اندھیرے ہوتے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج بنانے، غازی میڈیکل کالج میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کیلئے کوٹےکا بھی اعلان کیا۔