خبرنامہ

نواز شریف کی نااہلی سی پیک پر اثر انداز نہیں ہوگی، چینی وزرات خارجہ

بیجنگ(ملت آن لائن)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کا دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

پاناما کیس کے فیصلے پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ردعمل کے اظہار میں کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور اس سے سی پیک منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھے دوست ہونے کی وجہ سے ہمیں امید ہے کہ تمام جماعتیں پاکستان کے قومی مفاد کو ترجیح دیں گی اور اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنے کے لیے اتحاد و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی اور سماجی ترقی پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کا دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور چین ون بیلٹ اور ون روڈ منصوبے پر پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا اور شریف خاندان کے خلاف ریفرنس نیب بھیجنے کا حکم دیا تھا۔