اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی لازوال دوستی ہے ‘ پاکستان سی پیک منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے ‘ جمعہ کو وزیر اعظم سے چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر نے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نو از شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان کی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی دوستی ہے۔ پاکستان سی پیک منصوبوں پر برو قت اور موثر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہے۔ سی پیک حقیقت بنانے میں چین کی وزارتوں اور اداروں کی حمایت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ توانائی منصوبوں میں پاور چائنہ کی حمایت قابل ستائش ہے۔ ان منصوبوں کی تیز رفتار تعمیر سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ حکومت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاور چائنہ پاکستان میں ٹرانسمیشن لائن ‘ پن بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے ۔ پانی کے ذخائر کی تعمیر اور ان سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لے۔ چائنہ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان کا قریبی تعاون جاری رہے گا۔ بجلی منصوبے شراکت داری کا باعث ہونگے۔ یان ژی یانگ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں 100 نوجوان انجینئرز کو تربیت فراہم کی ہے۔ پاور چائنہ پاکستانی پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کرنا چاہتی ہے۔