ڈاکٹر حسن عسکری نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر
اسلام آباد: (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کر دیا، الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 224 اے کے تحت تقرری کی، ڈاکٹر حسن عسکری کا نام اپوزیشن کی جانب سے دیا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں چاروں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے جنہوں نے متفقہ طور پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر اتفاق کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ متفقہ طور پر ہوا، حسن عسکری ملک کے نامور دانشور اور علمی شخصیت ہیں، الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 224 اے کے تحت تقرری کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں:صاف شفاف انتخابات ترجیح: نگران وزیراعلیٰ پنجاب
پروفیسر حسن عسکری نے 1968 میں پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور انگریزی ادب میں بی اے آنرز کیا، 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کی، پروفیسرحسن عسکری کو 23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا، حسن عسکری مصنف، معروف سیاسی تجزیہ کار ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے چار اہم کتابیں سیاست اور ملٹری پر لکھیں، انکی لکھی گئیں کتابیں بہت ہی مقبول ہوئیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری سٹاف کالج، پنجاب یونیورسٹی میں خصوصی لیکچرر بھی دیتے رہے۔ حسن عسکری دنیا نیوز کے پروگرام تھینک ٹینک کا حصہ رہے۔
گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی صدارت میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا تھا۔ حکومت کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی اور ذکا اللہ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے تھے۔