خبرنامہ

ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی ،آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی عائد

دبئی ( ملت +آئی این پی)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر آندرے رسل کی جانب سے انٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر ایک سال کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔28 سالہ آندرے رسل سنہ 2016 میں ویسٹ انڈیز کی ورلڈ ٹی 20 جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ آزاد اینٹی ڈوپنگ ٹریبونل کے چیئرمین ہو فولکنر نے یہ فیصلہ سنایا ہے اور ان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آندرے رسل ڈوپنگ کے مرتکب پائے گئے ہیں،واڈا کے قوانین کے تحت آندرے رسل سے2015میں تین مرتبہ ٹیسٹ نہ کروانے پر قانون کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا تھا اور وہ قوانین کے مطابق ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہے تھے۔ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا)کے قوانین کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی 12 ماہ کے عرصے میں تین مرتبہ بلانے پر بھی ٹیسٹ کے لیے حاضر نہ ہو تو اسے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام تصور کیا جاتا ہے واڈا کے قوانین کے تحت دنیا بھر کے تمام کھلاڑیوں کو اپنی مقامی اینٹی ڈوپنگ ایجنسیوں کو اپنے مقام کے بارے میں بتانا ہوتا ہے تاکہ ان کا ڈرگ ٹیسٹ لیا جاسکے۔خیال رہے کہ آندرے رسل پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں اور اس پابندی کے اطلاق کے بعد وہ پی ایس ایل میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔