خبرنامہ

ڈیمز کی تعمیر کیلئے اوورسیز پاکستانی رقم بھیجیں، وزیرِاعظم کی اپیل

ڈیمز کی تعمیر کیلئے اوورسیز پاکستانی رقم بھیجیں، وزیرِاعظم کی اپیل

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیرِاعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام میں کہنا تھا کہ میں نے تمام معاملات کو عوام کے سامنے لانے کا وعدہ کیا تھا، پاکستان کو بہت سے ایشوز اور مسائل کا سامنا ہے لیکن سب سے اہم مسئلہ پانی ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کو شدید پانی کی قلت کا سامنا ہے، ہمارے پاس صرف 30 دن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، آج صرف ہر پاکستانی کے حصے میں ایک ہزار کیوبک میٹر پانی رہ گیا ہے، اس صورتحال میں ڈیمز بنانا انتہائی ناگزیر ہو گیا ہے، تمام پاکستانی ڈیمز فنڈ میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ 30 سال پرانا ہے، ہماری ساری پولیٹکل لیڈرشپ کو پانی کے مسئلے بارے میں سوچنا چاہیے تھا لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام اوورسیز پاکستانی صرف ایک ہزار ڈالر بھیجیں تو ہم دیامیر اور بھاشا ڈیم بنانے کے قابل ہو جائیں گے بلکہ ہمیں کسی سے قرض مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اگر بیرون ملک مقیم 80 سے 90 لاکھ پاکستانی اپنا اپنا حصہ ڈالیں تو صرف پانچ سال میں ہم ڈیمز بنا سکتے ہیں۔

وزیرِاعظم نے قوم کو پانی کے مسئلے پر مستقبل کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اناج اگانے کیلئے پانی نہ ہوا تو پاکستان میں قحط پڑ سکتا ہے، اگر ڈیم نہ بنائے تو 2025 تک ملک میں خشک سالی ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو ڈیم کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیرِاعظم فنڈ کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، تمام پاکستانی پانی کے مسئلے کے حل کیلئے اس میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں، میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے پیسے کی حفاظت کروں گا۔