کالعدم ٹی ٹی پی کا ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک ماہ کیلئے جنگ بندی کا اعلان کردیا ، کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کے مطابق فریقین کی طرف سے ایک ماہ یعنی 9؍ نومبر سے 9؍ دسمبر تک فائر بندی ہوگی، جس میں فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع بھی کی جائے گی۔انہوں نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ فریقین پر فائر بندی کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان (طالبان حکومت) موجودہ مذاکراتی عمل میں ٹی ٹی پی پاکستان اور حکومت پاکستان کے مابین ثالث کا کردار ادا کررہی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ مذاکرات جنگ کا حصہ ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کا انکار نہیں کرسکتی، لہٰذا تحریک طالبان پاکستان ایسے مذاکرات کیلئے تیار ہے جس سے ملک بھر میں دیرپا امن قائم ہوسکے اور ہمارے پاکستانیوں کو ایک طرف امن کی بہاریں میسر ہوں اور دوسری طرف پاکستان کے حصول کا مقصد بھی حاصل ہوسکے۔ فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے قیام پراتفاق کیا ہے۔ یہ کمیٹیاں آئندہ لائحہ عمل اور فریقین کے مطالبات پر مذاکرات عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی