خبرنامہ

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، کے الیکٹرک کا گیس کی کمی کا بہانہ

کراچی میں بدترین

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، کے الیکٹرک کا گیس کی کمی کا بہانہ

کراچی:(ملت آن لائن) کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا اور دن میں 3 سے 4 بار بجلی کی فراہمی معطل رہنا معمول بن گیا ہے جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے ۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد، گلستان جوہر کے مختلف بلاکس،نارتھ کراچی اور گلشن اقبال بھی شامل ہیں۔ گرمی کی آمد سے قبل ہی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہریوں نے بدترین لوڈشیڈنگ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ پورا دن بجلی غائب رہتی ہے اور کے الیکٹرک جانب سے 20 سے 50 ہزار تک کے بل بھیجے جاتے ہیں جو بھرنا انتہائی مشکل ہے۔
کے الیکٹرک کا مؤقف
دوسری جانب کے الیکٹرک گیس کی کمی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کا جواز پیش کررہی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کے الیکٹرک کو ملنے والی گیس سپلائی میں کوئی بہتری نہیں ہوئی، 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس شارٹ فال کے باعث پلانٹس متاثر ہیں جس کے باعث مجبوراً اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑرہی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن
ادھر ترجمان پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح 8 بجے تک کے اعداد شمار کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 15ہزار487 میگاواٹ جب کہ دستیاب بجلی 15 ہزار 600 میگاواٹ ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ ملک میں بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں۔