اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے انتباہ کیا ہے کہ کسی بھی وزیر اور سیکرٹری کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں کارروائی کے سلسلے میں کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ‘ تمام وزراء اور سیکرٹریز پارلیمنٹ کے بزنس کو خوش اسلوبی سے نمٹانے کے لئے اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم نے اس امر کا اظہار تمام وزراء اور سیکرٹریز کے نام اپنے خط میں کیا۔ یہ خط منگل کو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان میں ارکان کو پڑھ کر سنا دیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے اراکین سینٹ کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کی طرف سے 17 اپریل کو تمام وزراء اور سیکرٹریز کو پارلیمنٹ کی کارروائی میں دلچسپی لینے اور پارلیمنٹ کو تمام متعلقہ امور و سوالات کا بروقت جواب دینے کے حوالے سے تحریری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم کا تمام وزارتوں ‘ ڈویژنوں اور اداروں کو خط علیحدہ لکھا ہے۔ و زیر اعظم نے وزراء اور سیکرٹریز سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے بزنس کو ترجیحات میں شامل کریں۔ سیکرٹریز کو اگر جانا ممکن نہ ہو تو جوائنٹ سیکرٹری سے کم عہدے کے افسر کو نمائندہ نامزد نہ کریں۔ پارلیمنٹ کے بزنس کے سلسلے میں وزراء اور سیکرٹریز کی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اراکین سینٹ نے و زیر اعظم کے وزراء اور سیکرٹریز کے نام ہدایات پر مبنی اس خط کا بھرپور خیر مقدم کیاہے۔