خبرنامہ

کلبھوشن سے متعلق پاکستان کابھارت کی درخواست پر غور

کلبھوشن سے متعلق پاکستان کابھارت کی درخواست پر غور
اسلام آباد:(ملت آن لائن) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن سے اہلیہ کی ملاقات کی پیشکش انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی، بھارت نے کلبھوشن سے والدہ کی ملاقات کرانے کی درخواست کی ہے،بھارتی حکومت کی درخواست پردفتر خارجہ غورکررہا ہے۔
،ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے،پاکستان کو افغانستان میں افیون ومنشیات کی پیداوار پرتحفظات ہیں کیونکہ منشیات وافیون کی پیداواردہشتگردی کی مالی امدادمیں استعمال ہوتی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ٹی ٹی پی اورملافضل اللہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہیں،پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں بھارتی ایجنسی را سے روابط کے ثبوت موجود ہیں،را کی سرگرمیوں کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہناتھا کہ بھارت کامیڈیکل ویزے کاحصول ناممکن بنادیناقابل افسوس ہے،جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پربھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکوطلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی غیرقانونی کارروائیوں اور آپریشنزمیں 12 کشمیری شہید ہوئے، بھارت کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، کپواڑہ اوردیگرعلاقوں میں انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورچین کے تزویراتی مذاکرات کا آٹھواں دوراسلام آباد میں ہوا،سیکریٹری خارجہ کی چینی ہم منصب سے افغانستان اوردیگرامور پرتبادلہ خیال ہوا،ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی خرم عاشق ولد عاشق مسیح بنکاک میں انتقال کرگئے، دفترخارجہ کے کوششوں سے ان کا جسد خاکی اور اہلخانہ کو وطن واپس لایا گیا۔