خبرنامہ

کلثوم نواز کی حالت تشویشناک، نواز شریف اور مریم کی واپسی موخر

کلثوم نواز کی حالت تشویشناک، نواز شریف اور مریم کی واپسی موخر

لندن: (ملت آن لائن) لندن کے ہارلے سٹریٹ ہسپتال میں زیرِ علاج بیگم کلثوم نواز بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ڈاکٹرز وینٹی لیٹر ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ کل کریں گے۔ منگل کے روز احتساب عدالت میں طلبی کے پیشِ نظر نواز شریف اور مریم نواز نے واپسی کے ٹکٹ بھی کنفرم کرا لئے ہیں۔

چار روز گزر گئے، بیگم کلثوم نواز کی حالت نہ سنبھلی، سابق وزیرِاعظم کی اہلیہ بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ہارلے سٹریٹ کلینک کے ڈاکٹرز کل معائنے کے بعد وینٹی لیٹر ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ کریں گے۔

اپنے تازہ ترین ٹویٹ میں مریم نواز نے عوام سے ایک بار پھر دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ لیگی رہنما کہتی ہیں کہ بہت آوازیں دیں، امی جواب نہیں دیتیں، دل کرتا ہے وہ آنکھیں کھولیں اور باتیں کریں۔ نواز شریف نے بھی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اللہ کی رحمت سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔

ابو اور میں نے بہت آوازیں دیں ان کو مگر وہ جواب نہیں دیتیں۔ بہت دل کرتا ہے کہ وہ آنکھیں کھولیں، ہم سے بات کریں۔ اللّہ دعا سنتا ہے۔ دعا کیجیے

ملت آن لائن کے ذرائع کے مطابق شریف فیملی کی وطن واپسی بیگم کلثوم نواز کی صحت سے مشروط ہے۔ نواز شریف، حسین اور مریم نواز نے ڈاکٹرز سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور باہم مشورے کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کلثوم نواز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے۔