خبرنامہ

کل پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی سماعت، جے آئی ٹی کی رپورٹ کیا رنگ لائے گی؟ سیاسی درجہ حرارت عروج پر، شریف خاندان مشکل میں

کل کیس پر سپریم کورٹ کی سماعت، جے آئی ٹی کی رپورٹ کیا رنگ لائے گی؟ سیاسی درجہ حرارت عروج پر، شریف خاندان مشکل میں

ملت آن لائن .. شریف خاندان کے خلاف بننے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کیا رنگ لائےگی ؟جے آئی ٹی رپورٹ پر درخواست گزاروں کی اپنی اپنی تشریحات ہیں، سپریم کورٹ کا اگلام قدم کیا ہوگا؟،پاناما عملدرآمد بینچ میں اہم سماعت کل ہوگی ۔سیاسی گرما گرمی عروج پر پہنچ گئی۔

وزیراعظم نوازشریف اور ان کےخاندان سمیت 34 افراد سےتحقیقات کےبعد جے آئی ٹی کی رپورٹ عام ہوئی تو اپوزیشن نےہنگامہ برپا کردیا،پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیوایم ،جماعت اسلامی سمیت چھوٹی بڑی سب جماعتیں اکٹھی ہوئیں اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے کامطالبہ کردیا تواے این پی اور عوامی وطن پارٹی نے سپریم کورٹ کےفیصلے کا انتظار کرنےکا مشورہ دے دیا۔

دوسری طرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کےخلاف جے آئی ٹی رپورٹ نےحکمران جماعت ن لیگ اور اتحادیوں کو بھی ہلاکر رکھ دیا۔

10 جولائی سے مسلسل اور دن میں کئی مشاورتی اجلاسوں میں سیاسی وقانونی جوابی حکمت عملی کی تیاری جاری ہے۔

وزیراعظم نے پہلے اپنی کابینہ سے بھرپور اعتماد حاصل کرکے اپوزیشن کےاستعفیٰ کےمطالبے کو یکسرمسترد کردیا اور پھر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاکراپوزیشن کو اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ دکھا دیا اور کہا کہ کیا ان کےکہنے پراستعفیٰ دوں جنہیں عوام نےبار بار مسترد کیا،دھرنوں کی صورت میں پہلے دو حملے کئے گئے تیسراحملہ بھی ناکام ہوگا۔

جیسے جیسے وقت گزررہا ہے سیاسی درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے ۔ تجزیہ کار کہتے ہیں سیاسی چالیں اپنی جگہ لیکن فیصلہ سیاسی اکھاڑے کی بجائے اب سپریم کورٹ میں ہی ہو گا۔