خبرنامہ

گینگ وار کامطلوب کمانڈر بابا لاڈلا 2ساتھیوں سمیت مارا گیا

کراچی(آئی این پی) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی کارروائی کے دوران گینگ وار کامطلوب کمانڈر نورمحمد عرف بابا لاڈلا 2ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ مقابلے میں ایک رینجر اہلکار بھی زخمی ہوا ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں چھاپہ ماراتوگینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا،رینجرز کی جوابی فائرنگ میں تین گینگ وار ملزمان ہلاک ہوئے۔بابالاڈلہ لیاری گینگ وار کا اہم کردار تھا اور74سے زائدا وارداتوں میں مطلوب تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں گینگ وارکمانڈربابالاڈلا2ساتھیوں سمیت ماراگیا،دیگرہلاک ملزمان میں سکندرسکواورمحمدیاسین عرف ماماشامل ہیں۔ رینجرز نے بابا لاڈلا سے متاثرہوکرجرائم میں ملوث نوجوانوں کیلئے پیغام میں کہا ہے کہ بابالاڈلاکی ہلاکت ایسے عناصرکیلئے ایک مثال ہے۔رینجرزسندھ کے ترجمان کا کہناہے کہ جرائم میں ملوث افرادقانون کی گرفت سے نہیں نکل سکتے،رینجرزایسے عناصر کیخلاف سخت اور فوری کارروائی جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ نورمحمد عرف بابا لاڈلہ کے سر کی قیمت 25لاکھ روپے مقررتھی اور وہ کراچی آپریشن کے آغاز سے مفرورتھا۔ماضی میں بابا لاڈلہ کی گرفتاری اور پولیس مقابلے میں ہلاکت کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔یاد رہے کہ بابا لاڈلہ کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال 7 اگست کو بھی لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر بابا لاڈلا کے پاک ایران سرحدی علاقے میں ہلاک ہونے کی اطلاع آئی تھی تاہم بلوچستان کی صوبائی حکومت نے واقعے کی تصدیق نہیں کی تھی۔