کوئٹہ:(ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنے والے بھائیوں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو مسترد کرچکے ہیں فخر ہے کہ بلوچستان کے عوام ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمار گھر، قبیلہ اور ملک ہے اور بلوچستان پاکستان ایک بڑا اور اہم صوبہ ہے بہت کم لوگوں کو پتہ ہے کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو فوج، ایف سی ، پولیس اور دیگر اداروں میں شامل کیا جارہا ہے، دشمن بلوچستان کی ترقی کی راہوں میں رکاوٹ بننا چاہتا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔