خبرنامہ

ہنگامی کیفیت ملک کیلئے خطرناک، ڈائیلاگ کو بڑھایا جائے: وزیراعظم نواز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں کابینہ کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہل سیاست سے رابطوں کے بارے وزیر اعظم کو آگاہی دی گئی۔ جبکہ تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے پریڈ گراؤنڈ اور سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسائل کا سیاسی حل جمہوریت اور جمہوری عمل کا خاصہ ہے۔ ہنگامی کیفیت ملک کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ پاکستان میں ڈیڈ لاک کی بجائے ڈائیلاگ کو آگے بڑھایا جائے۔ وزراء بحرانی کیفیت سے نکلنے کے لیے کردار ادا کریں اور حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن سے مشاورت کا سلسلہ وسیع کیا جائے۔