خبرنامہ

یمن کے حوثی باغیوں کا مکہ پر میزائل حملہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ ہے،امام کعبہ

خانہ کعبہ کی طرف راکٹ پھینکنے والوں کا کوئی دین، کوئی اصول اور مذہب نہیں، عقل وخرد سے محروم دین بیزار ایسے سرکش اور باغیوں کو ان کے کیے کی سزا ضرور ملے گی، ایرانی حمایت یافتہ باغیوں نے مکہ پر میزائل حملہ کرکے وہاں پر موجود مقدس مقامات کو نشانہ بنانے اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش کی
الشیخ عبدالرحمان السدیس کی پریس کانفرنس
مکہ مکرمہ(ملت+آئی این پی)امام کعبہ اور حرمین شریفین کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے میزائل سے صرف مکہ معظمہ کو نشانہ بنانے کا سنگین جرم نہیں کیا کہ مکہ مکرمہ پرحملہ کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مکہ معظمہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ یمنی شیعہ باغیوں نے مکہ پر میزائل حملہ کرکے وہاں پر موجود مقدس مقامات کو نشانہ بنانے اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل یمن کے حوثی باغیوں نے الصعدہ کے مقام سے مکہ مکرمہ کی سمت میں ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا تاہم سعودی عرب کے میزائل شکن نظام نے باغیوں کے میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردیا تھا۔اس میزائل حملے کے رد عمل میں بات کرتے ہوئے الشیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ حوثیوں کا یہ اقدام بدترین جرم، ام القری(مکہ معظمہ) کے خلاف ننگی جارحیت اور مسلمانوں کے دلوں کی ٹھنڈک خانہ کعبہ کونشانہ بنانے کی انتہائی گھٹیا اور مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ کی طرف راکٹ پھینکنے والوں کا کوئی دین، کوئی اصول اور مذہب نہیں۔ عقل وخرد سے محروم دین بیزار ایسے سرکش اور باغیوں کو ان کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔