خبرنامہ

6 رکنی نگران وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھالیا

6 رکنی نگران وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھالیا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) 6 رکنی نگران وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھالیا۔ صدر ممنون حسین نے ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب میں حلف لیا۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک بھی تقریب میں موجود تھے۔ حلف لینے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، علی ظفر وزیر قانون، شمشاد اختر وزیر خزانہ، عبداللہ حسین ہارون وزیرخارجہ ہوں گے۔

یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کیا۔ جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔ اُنھیں 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994 میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔
جسٹس ناصر الملک کو 2004 میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس رہے، جو پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔ جسٹس ناصر الملک کی بطور چیف جسٹس تقرری نواز شریف نے کی تھی۔