خبرنامہ

اوورسیز کمیشن پنجاب رواں ماہ مڈل ایسٹ،دوبئی ،ابو ظہبی اور قطر میں روڈ شو منعقد کر ے گا ،افضال بھٹی

لاہور(رپورٹ: پاکستان کے تمام فارن آفسز /سفارتخانوں میں اوورسیز کمیشن پنجاب کے کمیپلنٹ ڈیسک اور فوکل پرسن کی تعیناتی جلد مکمل ہو جائے گی اور رواں ماہ اوور سیز کمیشن پنجاب مڈل ایسٹ میں روڈ شو کا انعقاد کرے گا ۔اس کا فیصلہ سپیشل اسسٹنٹ برائے وزیر اعظم پاکستان طارق فاطمی اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کمشنر اوور سیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی کی سر براہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا ۔اس موقع پر وائس چیئر مین اوور سیز کمیشن پنجاب کپیٹن (ر)خالد شاہین بٹ ،سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری ،ڈی جی فارن افیئر ،ڈی جی اوور سیز کمیشن خواجہ داؤد اور وزارت خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ڈی جی اوور سیز کمیشن پنجاب نے کمیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ افضال بھٹی نے ملاقات کے دوران کہا کہ کمیشن کو مزید فعال بنانے کے لئے پاکستان کے تمام فارن آفسز /سفارتخانوں میں او پی سی پنجاب (OPC Punjab)کے کمپلنٹ ڈیسک قائم کئے جائیں اور تمام سفارتخانوں میں اوورسیز کمیشن پنجاب کے لئے فوکل پرسن تعینات کئے جائیں تا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل کو براہ راست اوورسیز کمیشن پنجاب کو ارسال کیا جاسکے اور بلا تاخیر ان پر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو کمیشن بارے آگاہی پروگرام شروع کر رہا ہے جس کے تحت اکثر یتی پاکستانی کمیونٹی والے علاقوں میں سفارتخانوں کے تعاون سے روڈ شوز منعقد کئے جائیں اور ان روڈ شو زکا آغاز مڈل ایسٹ ،دوبئی ،ابو ظہبی اور قطر سے رواں ماہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ان روڈ شوز میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی شرکت کریں گے۔اس موقع پر طارق فاطمی نے کمشنر اوور سیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی اور وائس چیئر مین اوور سیز کمیشن پنجاب کپیٹن (ر) خالد شاہین بٹ کو وزارت خارجہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان کے تمام سفارتخانوں میں اوورسیز کمیشن پنجاب کے کمپلینٹ ڈیسک اور فوکل پرسن کی تعیناتی کا عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ اس ضمن میں پاکستان کے تمام سفارتخانوں کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اوور سیز کمیشن پنجاب کی جانب سے منعقد ہونے والے روڈ شوز میں بھی پاکستان کے تمام فارن آفسز اور سفارتخانے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ –